بی آر ٹی پشاور 9 فروری کو امریکا کا پائیدار ٹرانسپورٹ ایوارڈ وصول کرے گا۔


بس ریپڈ ٹرانزٹ پشاور نے اپنی کارکردگی سے مخالفین کے منہ بند کر دیے، سروس کو امریکا میں بڑا اعزاز ملنے جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور خیبر پختون خوا کو ایک اور اعزاز حاصل ہوا ہے، محکمہ اطلاعات کے پی کا کہنا ہے کہ بی آر ٹی پشاور 9 فروری کو پائیدار ٹرانسپورٹ ایوارڈ وصول کرے گا۔محکمہ اطلاعات کے مطابق اس ایوارڈ کی تقریب واشنگٹن ڈی سی امریکا میں منعقد کی جائے گی، یہ ایوارڈ ماحول دوست ٹرانسپورٹ سسٹم ہونے کی بنیاد پر دیا جا رہا ہے۔

پشاور یہ ا یوارڈ حاصل کرنے والے دنیا کے 3 شہروں میں سے ایک ہے، واضح رہے کہ بی آر ٹی یومیہ 2 لاکھ سے زائد مسافروں کو بہترین سفری سہولت فراہم کر رہی ہے

یاد رہے کہ بی آر ٹی منصوبے کے تحت صوبائی دارالحکومت پشاور میں عوام کے لیے لاہور، اسلام آباد اور ملتان کے میٹرو بس منصوبوں کی طرز پر آرام دہ سفری سہولت فراہم کی گئی ہے۔اس منصوبے کے تحت پشاور شہر کے بیچوں بیچ 27 کلومیٹر طویل خصوصی ٹریک تعمیر کیا گیا ہے جو پشاور شہر کے اہم علاقے کارخانو بازار سے شروع ہو کر چمکنی کے علاقے تک جاتا ہے۔

پشاور بی آر ٹی منصوبے کو چلانے اور دیکھ بھال کے لیے صوبائی حکومت نے ٹرانس پشاور نامی ریپڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا قیام کیا ہے۔ٹرانس پشاور کی دستاویزات کے مطابق اس منصوبے کے تحت شہر میں سات روٹس پر بسیں چلائی جائیں گی، جن میں ایک روٹ ’ایکسپریس کوریڈور‘ ہے جس پر شہر کے سات اہم مقامات پر شہریوں کے لیے سٹاپ اور بس سٹیشنز بنائے گئے ہیں۔

No comments:

Post a Comment