زلفی بخاری' خواجہ آصف اور کرونا وائرس


پاکستان کے سابق وزیر خارجہ اور ن لیگ کے سینئر سیاست دان خواجہ آصف نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی ہمراہی میں وزیراعظم عمران خان کے مشیر زلفی بخاری کے... حوالے سے جو انکشاف کیا ہے اسے سن کر انسان کے جسم پر لرزہ طاری ہو جاتا ہے... خواجہ آصف کہتے ہیں کہ ''چائنہ سے سٹوڈنٹس نہیں لائے گئے' لیکن تفتان کے راستے لوگوں کا سیلاب آرہا ہے اور وزیراعظم کے ایڈوائزر زلفی بخاری نے لوگوں کا یہ سارا سیلاب لانے کا سبب بنے ہیں۔* *تفتان کے راستے بتایا نہیں جارہا' مگر پورے کے پورے قافلے مسنگ ہیں۔''*
*خواجہ آصف نے تفتان کے راستے پاکستان آنے والے ایرانی زائرین کو ''لوگوں کا سیلاب'' قرار دیتے ہوئے زلفی بخاری پر خوفناک الزام عائد کرتے ہوئے یہ سوال اٹھایا ہے... کہ اگر کرونا وائرس کی وجہ سے چین میں پھنسے ہوئے طلباء کو پاکستان اپنے گھروں میں نہیں آنے دیا گیا تو وہی کرونا وائرس ایران میں بھی پھیلا ہوا تھا... پھر ایران میں موجود پاکستانی زائرین کے سیلاب کو پاکستان میں آنے کی اجازت کیوں دی گئی ؟*
*جبکہ ایران میں کرونا مریضوں کی تعداد ساڑھے سولہ ہزار کے لگ بھگ اور کرونا سے ایران میں ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی ہے' کرونا کے خوف سے اگر چین سے سٹوڈنٹس کو نہ لانے کا فیصلہ درست تھا تو ایران سے پاکستانیوں کو واپس لینے کا فیصلہ کیسے درست ہوسکتا ہے? جبکہ ایران بھی کرونا وائرس کا بری طرح شکار ہے' دوسری طرف چین سے بار بار یہ خبریں آرہی ہیں کہ وہاں کرونا وائرس کو امریکی جراثیمی ہتھیار قرار دیا جارہا ہے… صرف چین ہی نہیں بلکہ روسی وزارت دفاع نے بھی انکشاف کیا ہے کہ ''ہماری تحقیقاتی ٹیم کے جائزے کے مطابق امریکہ نے جارجیا میں روسی سرحدوں کے قریب جراثیمی ہتھیاروں کی فیکٹری قائم کر رکھی ہے' جہاں مختلف اقسام کے انسان کش اور وبائی بیماریاں پھیلانے والے خطرناک وائرس تیار کئے جارہے ہیں'* *روسی وزارت دفاع نے اس بات کا بھی انکشاف کیا ہے کہ امریکہ نے 300لیبارٹیوں سے روسی شہریوں کو جینیاتی سمبل بھی حاصل کئے ہیں تاکہ انہیں اس فیکٹری میں حیاتیاتی اور جراثیمی ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال کیا جاسکے۔*
*روس نے جارجیا میں جراثیمی ہتھیاروں کی امریکی فیکٹری کے قیام کو بین الاقوامی قوانین کے منافی… نیز روس اور چین کے لئے خطرہ بھی قرار دے رکھا ہے' رپورٹ کے مطابق روس نے کہا ہے کہ جارجیا میں اس کی سرحدوں کے قریب امریکہ کی جراثیمی ہتھیاروں کی فیکٹری سے صرف روسی شہریوں کو ہی نہیں بلکہ روس کے ہمسایہ ممالک کو بھی شدید خطرات لاحق ہوچکے ہیں۔*
*الیکٹرانک میڈیا کرونا وائرس کے حوالے سے جس بے پناہ پھرتی کے ساتھ… خوف و ہراس پیدا کر چکا ہے' اسے دیکھ کر اب پاکستانی نوجوان مختلف گروپوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے کرونا وائرس پر ''امریکی'' ہونے کی پھبتی کس رہے ہیں اور یہاں تک کہہ رہے ہیں کہ اگر سکول' کالج' یونیورسٹیاں' سینما' شادی ہالز' پارکس بند ہوسکتے ہیں …تو 3ہفتوں کے لئے الیکٹرانک میڈیا کو بھی بند کر دیا جائے تو کرونا وائرس اپنی موت آپ مر جائے گا' مطلب یہ کہ پاکستانی نوجوان غیر سیاسی ہونے کے ساتھ ساتھ اب مکمل باشعور بھی ہوچکے ہیں۔*
*اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین نے بچوں' بوڑھوں کو مساجد نہ جانے کی ہدایت فرمائی ہے' اور یہ بھی کہا ہے کہ علماء کرام جمعہ کے اجتماعات کو مختصر کریں' کچھ اسی قسم کی ہدایات اس سے قبل صدر مملکت قبلہ ڈاکٹر عارف علوی قوم کو دے چکے ہیں'* *ایسے لگتا ہے کہ جیسے حکومت اور نظریاتی کونسل کو کسی ''مخبر'' نے اطلاع دے دی ہے کہ سکولوں' کالجوں اور یونیورسٹیوں کے بعد اب کرونا وائرس کا رخ ''مساجد'' کی طرح ہونے والا ہے... لہٰذا روک سکو تو روک لو' کرونا آنے والا ہے؟*
*پیر ومرشد نے بالکل سچ فرمایا کہ ''ٹرمپ'' جیسا شخص اپنی قوم کو ''دعا'' اور دعائیہ اجتماعات کی طرف بلا رہا ہے جبکہ ہم کعبہ شریف اور مسجدوں سے... دوسرے مسلمانوں کو روک رہے ہیں'* *مصیبت آتی ہے تو غافل مسلمان اللہ تعالیٰ کی... طرف متوجہ ہوتے ہیں' توبہ کرتے ہیں' مساجد کو آباد کرتے ہیں' گڑگڑاتے ہیں تو اللہ تعالیٰ ان پر رحمت نازل فرماتے ہیں' قرآن مجید نے اس کی باقاعدہ ترغیب دی ہے... مگر یہ کرونا وائرس کی منطق عجیب ہے کہ اس میں صرف موت اور بیماری سے بھاگنے کی ہی باتیں ہیں... عمرہ بند' طواف بند' جمعہ کے اجتماعات کہیں بند اور کہیں مختصر کرنے کی باتیں' مدارس میں دینی تعلیم بند' احتیاطی تدابیر لازم' مگر شریعت کے احکامات کو پس پشت ڈالنا' کہاں کی دانش مندی؟ حدیث مبارکہ میں جہاں یہ حکم موجود ہے کہ وباء  والی زمین پر  نہ جائو... وہیں یہ حکم بھی موجود ہے کہ وباء والی زمین سے بھاگ کر کہیں اور مت جائو تو پھر وہ روحانی اجتماعات... کہ جو اللہ کی خوشنودی اور رحمت کا باعث بنتے ہیں ان سے روکنا کیسے درست ہوسکتا ہے؟*
*ابن قیم رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ وباء دور کرنے' بھگانے کے تین طریقے ہیں -1 ذکر اللہ -2صدقہ -3تلاوت' علامہ سیوطی رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ طاعون اور دیگر وباء کو دور کرنے کے لئے آنحضرتۖ پر کثرت سے درود پڑھنا مجرب ہے,* *پاکستانی حکومت اور اسلامی نظریاتی کونسل کے صاحبان جبہ و دستار کو... چاہیے کہ وہ جمعہ کے اجتماعات کو معاف فرما کر ن لیگی لیڈر خواجہ آصف کے اس دھماکہ خیز بیان کی روشنی میں... کرونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کی کوشش کریں۔

No comments:

Post a Comment