” میری یہ پہلی شادی ہے اور تجربہ بھی نہیں لہٰذا۔۔۔ “ محکمہ صحت خانیوال کے ملازم نے شادی کی چھٹی کیلئے ایسی درخواست دیدی کہ پڑھ کر آپ کیلئے بھی ہنسی روکنا مشکل ہوجائے گا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )شادی ہر مرد و خواتین کیلئے زندگی کا اہم ترین مرحلہ ہوتی ہے ، عموماََ پاکستانی معاشرے میں شادی کے موقع پر ملازمت پیشہ افراد اپنے اداروں سے شادی کی چھٹیاں حاصل کرتے ہیں تاکہ شادی اور دیگر رسوم و رواج کو احسن طریقے سے نبھا سکے۔
ازدواجی زندگی کے اپنے ابتدائی ایام کی ذمہ داریاں بخوبی سر انجام دینے کیلئے عموماََ مرد حضرات بھرپور کوشش کرتے ہیں۔ اسی طرح ایک سرکاری ملازم کی شادی کے سلسلے میں چھٹیوں کیلئے دی جانیوالی درخواست ان دنوں سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے جسے پڑھ کر ہر کوئی ہنسنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔ جہانیاں کا رہائشی غلام مرتضی محکمہ صحت کا ملازم ہے ،اس نے اپنی شادی کے موقع پر دفتر کو درخواست میں کہا کہ مودبانہ گزارش ہے کہ فدوی کی شادی خانہ آبادی اپریل کے مہینے میں مورخہ 6, 7, 8کو سرانجام ہونا قرار پائی ہے ۔فدوی کی یہ پہلی شادی ہے اور فدوی کے پاس تجربہ بھی نہیں ہے ۔لہذا محکمہ صحت اپنے مفید مشوروں سے بھی نوازے اور چھٹیوں سے بھی کیونکہ بندہ نے آج تک کوئی بھی چھٹی نہیں لی ہے ،فدوی کے برداری رسوم و رواج کے مطابق شادی سے پانچ روز قبل دولہا کو گھر سے نکلنے کی اجازت نہ ہے اور شادی کے بعد فدوی کو بذات خود سنبھلنے کے لیے بھی ایک ہفتہ درکار ہے ۔مہر بانی فرما کر کل ملا کر 15یوم کی رخصت مورخہ 2/4/18تا16/4/18عنائت کی جائے ۔حضور کی سر آنکھوں پر نوازش و کرم نوازی ۔سوشل میڈ یا پر لوگ چھٹی کی اس درخواست کو دیکھ کر خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

No comments:

Post a Comment